ڈی آئی خان میں سکیورٹی آپریشن،10 دہشتگرد ہلاک
کارروائی دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران فورسز نے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا
راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے کلاچی کے علاقے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جس میں مبینہ شدت پسند گروہ کے سرغنہ عالم محسود سمیت 10 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران فورسز نے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والوں میں 4 دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، خودکش جیکٹس، آئی ای ڈیز اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
مزید بتایا گیا کہ ہلاک دہشتگرد عالم محسود ماضی میں 2008 کے نواز کوٹ پوسٹ حملے، بنوں جیل پر حملے اور ایک آرمی پوسٹ پر حملے میں ملوث رہا تھا۔
