آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے،مدت 5 سال مقرر
اسلام آباد: قومی اسمبلی نے 27ویں آئینی ترمیم کے بعد آرمی ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی، جس کے تحت آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز کے طور پر بھی فرائض انجام دیں گے۔
ترمیمی بل کے مطابق آرمی چیف کے لیے نیا نوٹی فکیشن بطور چیف آف ڈیفنس فورسز جاری کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی مدتِ ملازمت دوبارہ سے شروع ہوگی۔
بل میں کہا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز پاک فوج کے تمام شعبوں کی ری اسٹرکچرنگ اور انضمام کے ذمہ دار ہوں گے تاکہ دفاعی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں بتایا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی مدت 5 سال ہوگی اور ان کی تقرری وزیرِ اعظم کی سفارش پر کی جائے گی۔ ان کا عہدہ تعیناتی کے دن سے مؤثر ہوگا۔
اعظم نذیر تارڑ کے مطابق قانون میں وضاحت کی گئی ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ پانچ سال کے لیے مقرر ہوگا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ترمیمی بل کی منظوری کے بعد وزارتِ دفاع اور وزارتِ قانون باہمی مشاورت سے نئے رولز اور نوٹی فکیشن تیار کریں گی۔
