وانا:کیڈٹ کالج پر حملہ ناکام،تمام خوارج ہلاک-کیڈٹ کالج وانا پر سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران حملہ آور تمام خوارج ہلاک ہو گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن میں ایک خودکش حملہ آور سمیت چار دہشتگرد نشانہ بنائے گئے۔ کالج کی عمارت کو بارودی سرنگوں کے خطرے کے پیش نظر کلیئر کیا جا رہا ہے۔ خوش قسمتی سے کسی بھی کیڈٹ یا استاد کو نقصان نہیں پہنچا۔
حملے کے وقت کیڈٹ کالج میں تقریباً 650 افراد موجود تھے جن میں 525 کیڈٹس شامل تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے کیڈٹس کی جانوں کی حفاظت کے لیے انتہائی احتیاط اور منصوبہ بندی کے ساتھ کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں گیٹ گر گیا اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق افغانستان سے تھا اور وہ حملے کے دوران ٹیلیفون کے ذریعے بیرون ملک سے ہدایات وصول کر رہے تھے۔
