قائدِاعظم اور کیمبرج یونیورسٹی کے درمیان تاریخی شراکت داری
اسلام آباد/کیمبرج: قائدِاعظم یونیورسٹی اور کیمبرج یونیورسٹی کے درمیان تاریخی شراکت داری کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کی سرکاری تقریب کیمبرج میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، قائدِاعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، اور کیمبرج یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت ابتدائی سو دن میں تین اہم محاذوں پر کام کیا جائے گا: یونیورسٹیوں کے مابین تحقیق و تبادلہ، انڈسٹری پارٹنرشپ، اور ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، تاکہ طویل مدتی تعاون کی بنیاد رکھی جا سکے۔
حکومت نے قائداعظم یونیورسٹی اور کیمبرج یونیورسٹی کے اشتراک سے 3.5 ارب روپے کے منصوبے کی منظوری دی ہے، اور کامیابی کے لیے 70 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد کی معاونت بھی مختص کی گئی ہے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی "علمی معیشت” کی بنیاد ہے، اور موادِ سائنس وہ خاموش انجن ہے جو مستقبل کی معیشت کو طاقت فراہم کرے گا، چاہے وہ ہوائی جہاز، صاف توانائی، صحت کی ٹیکنالوجی یا ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ۔
تعلیم و تحقیق کے ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کے لیے اہم ہے کیونکہ اس سے ملک کی یونیورسٹیز بین الاقوامی معیار کے تحقیقی مراکز سے مربوط ہوں گی، تحقیقاتی نتائج صنعت میں منتقل ہوں گے، اور عالمی مارکیٹ میں حصہ لینے کے دروازے کھلیں گے۔
قائداعظم یونیورسٹی کے حکام نے کہا کہ یہ شراکت داری صرف ایک معاہدہ نہیں بلکہ حقیقی نتائج کا ذریعہ ہوگی، اور یہ پاکستان کی عالمی تحقیقاتی چیلنجز میں شمولیت اور تعلیمی و سائنسی شعبوں کی مضبوطی کی خواہش کی عکاسی کرتی ہے۔
