استنبول مذاکرات،افغان طالبان ترجمان کا گمراہ کن بیان مسترد
اسلام آباد: پاکستان نے افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے استنبول مذاکرات سے متعلق بیان کو گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ وزارتِ اطلاعات کے مطابق طالبان نے مذاکرات کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، جو مکمل طور پر پاکستان کے موقف کے خلاف ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح، مستقل اور ریکارڈ پر موجود ہے۔ انہوں نے افغان سرزمین پر موجود دہشتگردوں کی گرفتاری اور ان کی حوالگی کا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ پاکستان کے خلاف جھوٹے دعوے اور غلط بیانی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
وزارتِ اطلاعات کے بیان میں کہا گیا کہ دہشتگردوں کی حوالگی صرف سرحدی انٹری پوائنٹس کے ذریعے ممکن ہے، اور افغانستان کی جانب سے کیے گئے متضاد دعوے بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سنجیدہ اور اصولی کوششیں جاری رکھے گا۔
