بنگلادیش کو کراچی پورٹ استعمال کی پیشکش
ڈھاکا: 20 سال بعد پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان نویں جوائنٹ اکنامک کمیشن (JEC) کا اجلاس ڈھاکا میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان کے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور بنگلادیش کے مشیر خزانہ نے کی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے بنگلادیش کو کراچی پورٹ استعمال کرنے کی پیشکش کی، جس سے بنگلادیش چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دے سکے گا۔ اجلاس میں دونوں ممالک کی قومی شپنگ کارپوریشنز کے درمیان تعاون بڑھانے اور براہ راست پروازوں کے قیام کے لیے کام تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔
اس کے علاوہ، پاکستان حلال اتھارٹی اور بنگلادیش اسٹینڈرڈز اینڈ ٹیسٹنگ انسٹیٹیوٹ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے گئے، جس سے معیار اور سرٹیفکیشن کے شعبے میں تعاون میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں پاکستان-بنگلادیش نالج کوریڈور کے قیام پر زور دیا گیا، اور بنگلادیشی طلبہ کے لیے پاکستان میں 500 نئی مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کی تجویز پیش کی گئی۔ پاکستان کے ٹیکنیکل اسسٹنس پروگرام کے تحت تربیتی سیٹیں 5 سے بڑھا کر 25 کر دی گئی ہیں۔
دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، صنعت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، مواصلات، تعلیم، بینکنگ، صحت، سیاحت، اطلاعات و نشریات اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں تعاون پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ، طبی اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں بھی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے نویں اجلاس کے متفقہ منٹس پر دستخط کیے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بنگلادیش کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات باہمی احترام اور دوستی پر مبنی ہیں۔
