فیلڈ مارشل عاصم منیر کا اردن کا سرکاری دورہ
عمان: آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اردن کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم اور ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ سے ملاقاتیں کیں۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے فروغ سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستانی عوام، حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے شاہ عبداللہ دوم اور اردن کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری اور عسکری تربیت کے پروگراموں کو مزید وسعت دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔
