فیصلے اب سڑکوں پر ہونگے، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ غازی خان میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے اب پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر ہوں گے اور پارلیمنٹ کی حیثیت ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی قوت فیصلہ کرے گی اور اسلام آباد کو جاہل حکمرانوں سے آزاد کرائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے فلسطین کے حالات پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ اسرائیل نے لاکھوں فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کیا، عالمی ادارے خاموش رہے، جبکہ امریکی امداد اور ہتھیار فلسطینی قتل عام میں استعمال ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان و افغانستان کے درمیان فوری مذاکرات کی ضرورت ہے، اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، اور امریکی حمایت یافتہ جمہوریت کو مسترد کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے نوجوانوں کو مفتی محمود کے نظریات اپنانے کی تاکید کی اور کہا کہ جدوجہد قرآن و سنت اور عوام کی مرضی کے مطابق نظام کے لیے جاری رہے گی۔
