جتنے مرضی وزرائے اعلیٰ بدلیں،آپریشن جاری رہے گا
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ جتنے مرضی وزرائے اعلیٰ بدلیں، دہشتگردی کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔
جڑانوالہ میں نادرا دفتر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی سطح پر کامیابی حاصل کر رہا ہے اور آج ملک کا ڈنکا پوری دنیا میں بج رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے وہ کام کیا جو اس سے پہلے کوئی کرنے کی ہمت نہیں کرتا تھا، جبکہ غزہ میں جشن ہوا اور فلسطینیوں کو آزاد ریاست کے قیام کی امید نظر آ رہی ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت کو صرف اسٹیبلشمنٹ کے کہنے پر چلنے والا قرار دینا درست نہیں، حقیقت یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ حکومت کو مکمل سپورٹ کرتی ہے۔
طلال چوہدری نے واضح کیا کہ ریاست نے فیصلہ کر لیا ہے اور اب کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی، بندوق یا نعرے سے دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی وزرائے اعلیٰ بدلیں، دہشتگردی کے خلاف آپریشن کبھی نہیں رکے گا، جنرل اور کرنل شہادتیں دے رہے ہیں، اور دنیا میں ایسی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ چند سو لوگ سڑکوں پر نکل آئیں اور اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو ریاست کے خلاف ملک میں کہیں بھی سیاسی احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔ ریاست کو چیلنج کرنے کی کوشش کے دوران کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔
