اسرائیلی فوج کا غزہ سے انخلا کا پہلا مرحلہ مکمل، فلسطینیوں کو انتباہ جاری
غزہ — اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدے کے بعد غزہ سے انخلا کے پہلے مرحلے کی تکمیل کرلی ہے۔ فوجی ذرائع کے مطابق، انخلا کے دوران غزہ کے متعدد علاقوں سے اسرائیلی دستے واپس بلائے گئے ہیں، تاہم بعض حساس مقامات پر کنٹرول بدستور برقرار ہے۔
امریکی ایلچی وٹکوف کے مطابق، اسرائیلی فوج کے انخلا کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ ہی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے 72 گھنٹوں کی مدت شروع ہو گئی ہے۔
غزہ میں موجود اسرائیلی فوجیوں نے اپنا ساز و سامان سمیٹنا شروع کر دیا ہے جبکہ ترجمان اسرائیلی فوج ایفی ڈیفرین نے فلسطینیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں داخل ہونے سے گریز کریں جو تاحال اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ فریقین کو معاہدے پر قائم رہنا چاہیے تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ ان کے مطابق “حماس اب دو سال پہلے والی تنظیم نہیں رہی، حالات بدل چکے ہیں۔”
