آگ اور پانی کا کھیل مزید نہیں چل سکتا،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف: دہشت گردی کا خاتمہ قومی ضرورت، غزہ میں جنگ بندی کے حق میں پاکستان کا موقف واضح
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ “آگ اور پانی کا کھیل مزید نہیں چل سکتا۔ اگر دہشت گردی کا سر نہ کچلا گیا تو ساری محنت رائیگاں چلی جائے گی۔”
وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں اور خوارج کے سہولت کار بھی ان کے جرائم میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپہ سالار کے حوصلے پختہ ہیں اور عوام کا مطالبہ ہے کہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے حق خودارادیت اور غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اپنا مؤقف اجاگر کیا۔ انہوں نے امریکی صدر کے ساتھ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن میں باہمی تعلقات، تجارت اور انسداد دہشت گردی پر تفصیلی بات ہوئی، اور غزہ میں امن کے لیے پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے تعلقات کو باقاعدہ شکل دیتا ہے، جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک کے لیے تصور ہوگا۔
