اسرائیلی وزیر کا فلوٹیلا کارکنوں کے ساتھ سخت سلوک پر فخر
تل ابیب: اسرائیل کے دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے وزیر برائے قومی سلامتی اتمر بن گویر نے عالمی صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کے ساتھ جیل میں کیے گئے سخت سلوک پر ’فخر‘ کا اظہار کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق بن گویر نے اتوار کے روز کیتزیعوت جیل کا دورہ کیا، جہاں فلوٹیلا کے متعدد کارکن قید ہیں۔ یہ وہی جیل ہے جہاں فلسطینی قیدیوں کو بھی رکھا جاتا ہے۔
بیان میں بن گویر نے کہا کہ ’’مجھے فخر ہے کہ ہم ان فلوٹیلا کارکنوں کے ساتھ وہی رویہ اختیار کر رہے ہیں جو دہشت گردوں کے حامیوں کے ساتھ ہونا چاہیے۔ جو دہشت گردی کی حمایت کرے، وہ اسی رویے کا مستحق ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’انہیں کیتزیعوت جیل کے حالات کا تجربہ ہونے دیں تاکہ وہ آئندہ اسرائیل کے قریب آنے سے پہلے سوچیں۔‘‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ایک ویڈیو میں اتمر بن گویر کو فلوٹیلا کارکنوں کا مذاق اڑاتے اور انہیں ’دہشت گرد‘ قرار دیتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
