قیدیوں کی رہائی حماس اور امریکہ مذاکرات کی اولین ترجیح
امریکہ کے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، اور موجودہ مرحلے میں اولین ترجیح حماس کے قبضے میں موجود قیدیوں کی رہائی ہے۔ روبیو نے واضح کیا کہ قیدیوں کی رہائی کے لیے تکنیکی مذاکرات جاری ہیں اور جلد ہی معلوم ہو جائے گا کہ آیا حماس اس عمل کے لیے سنجیدہ ہے یا نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ امن منصوبے کے کچھ نکات پر حماس نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے، مگر اس پر عمل درآمد کی لاجسٹکس اور تفصیلات پر مزید بات چیت درکار ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں قیدیوں کے تبادلے کے بدلے اسرائیلی افواج کا ایک محدود اور مربوط انخلا متوقع ہے جبکہ طویل مدتی مستقبل کے بارے میں مزید پیچیدہ مسائل حل کرنے ہوں گے
روبِیو نے کہا کہ طویل المدت امن کے لیے ضروری ہے کہ غزہ میں ایک غیر مسلح، ٹیکنوکریٹک قیادت تیار کی جائے، حماس جیسے عسکری گروپوں کو غیر مسلح بنایا جائے اور سرنگوں اور دیگر حملہ آور انفراسٹرکچر کو غیر فعال کیا جائے ،جو کہ ایک مشکل مگر ناگزیر کام ہوگا۔
