بگرام ائیر بیس پر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا،افغان وزارتِ دفاع
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بگرام ائیر بیس واپس لینے کی دھمکی پر افغان وزارتِ دفاع کے سربراہ فصیح الدین فطرت نے سخت ردعمل دیا ہے۔
فصیح الدین فطرت نے کہا کہ کچھ حلقے سیاسی ڈیل کے ذریعے بگرام ایئربیس امریکا کو واپس دلوانا چاہتے ہیں، لیکن افغانستان کی ایک انچ زمین پر بھی کوئی معاہدہ ممکن نہیں۔ ان کے مطابق افغانستان کو اپنی سرزمین کے حوالے سے کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی بار یہ مؤقف دہرا چکے ہیں کہ امریکا کو بگرام ایئربیس نہیں چھوڑنی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا یہ بیس دوبارہ حاصل کرے گا اور اس سلسلے میں بات چیت بھی جاری ہے۔ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر افغانستان نے بگرام بیس امریکا کے حوالے نہ کی تو اسے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
