جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں ہلاک
کابل/اسلام آباد: فتنۃ الہندوستان کا اہم دہشتگرد گل رحمان عرف استاد مرید افغانستان کے صوبے ہلمند میں 17 ستمبر 2025 کو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق گل رحمان جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ اور تنظیم کے مجید بریگیڈ کا ٹرینر و آپریشنل کمانڈر تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگرد گل رحمان پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، چینی شہریوں، سی پیک منصوبوں اور عام شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث رہا۔ اس گروہ نے کراچی میں چینی قونصلیٹ، گوادر کے پی سی ہوٹل، خضدار اسکول بس، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سمیت کئی دہشتگرد کارروائیاں کیں۔
امریکا پہلے ہی فتنۃ الہندوستان کے مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دے چکا ہے جبکہ پاکستان اور چین اس گروہ کو اقوام متحدہ کی دہشتگرد فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گل رحمان کی ہلاکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغان سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
