اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان ٹیم سے معافی مانگ لی
دبئی: ایشیا کپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ سے قبل پیدا ہونے والی غیریقینی صورتحال ختم ہوگئی۔ متنازع میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان ٹیم اور منیجر سے باضابطہ معافی مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان مذاکرات کے بعد معاملات طے پا گئے۔
پی سی بی نے اس سے قبل آئی سی سی کو دو خطوط بھیجے تھے جن میں اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ آئی سی سی نے پی سی بی کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد معاملے پر نظرثانی کی، جس کے نتیجے میں فریقین کے درمیان مفاہمت ہوگئی۔
ابتدائی طور پر پاکستانی ٹیم ہوٹل میں موجود رہی اور میچ کے حوالے سے بورڈ کی ہدایات کا انتظار کرتی رہی۔ تاہم معاملہ حل ہونے کے بعد پی سی بی نے ٹیم کو میدان میں جانے کا گرین سگنل دے دیا۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی ٹیم ہوٹل سے دبئی اسٹیڈیم روانہ ہوگئی ہے۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ آج رات ساڑھے 8 بجے پاکستانی وقت کے مطابق شروع ہوگا۔
