بھارت کی ایک اور گھٹیا حرکت،ٹرافی پریزنٹیشن پر تنازع
ایشیا کپ کے دوران ہاتھ نہ ملانے کے تنازع کے بعد معاملہ مزید سنگین ہوگیا ہے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے واضح کیا ہے کہ اگر بھارت ٹورنامنٹ جیتا تو وہ چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ٹیم مینجمنٹ نے سوریا کمار یادیو کا یہ مؤقف باضابطہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کو پہنچا دیا ہے۔ یاد رہے کہ روایت کے مطابق اے سی سی کا چیئرمین ہی چیمپئن ٹیم کو ٹرافی پیش کرتا ہے۔
ایشیا کپ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں شیڈول ہے اور ابھی کسی ٹیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کیا، لیکن بھارتی میڈیا نے پہلے ہی اوچھے ہتھکنڈے اپنانا شروع کر دیے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک مرتبہ پھر آئی سی سی کو خط لکھ کر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ دہرایا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق، اگر متنازع ریفری کو نہ ہٹایا گیا تو پاکستان ایشیا کپ کے بقیہ میچز کے بائیکاٹ کے موقف پر قائم رہے گا۔
پی سی بی نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پائی کرافٹ پر ہونے والی انکوائری محض رسمی کارروائی تھی، کیونکہ نہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ افراد سے رابطہ کیا گیا۔
