ایشیا کپ:اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری مقرر
دبئی: ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ کے لیے اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ، جو کچھ دیر قبل آئی سی سی ہیڈ کوارٹر گئے تھے، اب اسٹیڈیم میں موجود ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی ہوٹل سے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تصدیق کی ہے کہ کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم جانے کی ہدایت دے دی گئی تھی۔ پی سی بی ترجمان عامر میر کے مطابق، چیئرمین نے اس حوالے سے سابق چیئرمین نجم سیٹھی اور رمیز راجا سے مشاورت بھی کی۔
میچ کا آغاز پہلے شام ساڑھے 7 بجے شیڈول تھا، تاہم تنازع کے باعث ایک گھنٹہ تاخیر کے بعد اب یہ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 8 بجے شروع ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، اس سے قبل کھلاڑیوں کو ہوٹل میں کمروں میں واپس جانے کے لیے کہا گیا تھا۔ کھلاڑیوں کا سامان بس میں رکھ دیا گیا تھا اور کچھ پلیئرز بیٹھ بھی گئے تھے، مگر بعد میں اسٹیڈیم روانگی روک دی گئی تھی۔
لاہور میں پی سی بی ہیڈکوارٹر میں بھی اعلیٰ سطح کی مشاورت ہوئی جس میں محسن نقوی، سلمان نصیر اور دیگر حکام شریک تھے۔ اطلاعات یہ بھی تھیں کہ اگر پائی کرافٹ معذرت کر لیتے تو معاملہ ختم ہوسکتا تھا اور پاکستان ٹیم یو اے ای کے خلاف کھیلنے پر آمادہ ہو جاتی۔
اس سے قبل امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اگر پائی کرافٹ میچ ریفری نہ رہے تو ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی رچی رچرڈسن کو بطور ریفری تعینات کیا جا سکتا ہے۔ تاہم اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ آج کا میچ پائی کرافٹ ہی سپروائز کریں گے۔
