آزاد کشمیر آل پارٹیز کانفرنس کا اعلامیہ جاری
اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر ہاؤس میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کے حالات خراب کرنے کی سازشوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، اور عوامی مفاد کے فیصلوں کا اختیار کسی پریشر گروپ یا غیر متعلقہ فورم کو نہیں دیا جا سکتا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق نے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلامیہ پیش کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ "معرکہ حق” کی کامیابی نے تحریکِ آزادی کشمیر کے حوصلے بلند کر دیے ہیں اور اس کامیابی کے بعد بھارت شدید دباؤ اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
بیان کے مطابق "معرکہ حق” کی فتح سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوا ہے اور آزاد کشمیر کی تمام سیاسی قیادت مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
اے پی سی نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر میں انتشار پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی، جبکہ تمام سیاسی جماعتیں عوامی مسائل کے حل اور مشترکہ مفاد کے لیے مل کر کام کرتی رہیں گی۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ 21 ستمبر سے مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
