وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات
وزیرِاعظم شہباز شریف نے قطر پر اسرائیلی حملے کے تناظر میں اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک روزہ دورۂ قطر کیا۔
دوحہ پہنچنے پر ان کی ملاقات قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ہوئی، جس میں وزیرِاعظم نے 9 ستمبر کو ہونے والے اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی، برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت نہ صرف قطر کی خودمختاری بلکہ خطے کے امن اور استحکام پر بھی کھلا حملہ ہے۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ قطر نے غزہ میں قیامِ امن کے لیے ہمیشہ مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ شہباز شریف نے اس جانب بھی اشارہ کیا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد خطے کو غیر مستحکم کرنا اور جاری سفارتی و انسانی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر غور کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے 15 ستمبر کو ہونے والے غیر معمولی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی کے قطر کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا۔ مزید برآں، انہوں نے رواں برس کے آغاز میں بھارت کی بلاجواز جارحیت کے دوران پاکستان کے ساتھ قطر کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
قطر کے امیر نے بھی وزیرِاعظم شہباز شریف کا دورۂ دوحہ کرنے اور اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام، عالمی قوانین کی پاسداری اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف واپس پاکستان روانہ ہوگئے۔
