امریکی کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امریکی کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی ہے، جس دوران وفد نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں ابتدائی طور پر 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق سرمایہ کاری کے تحت پاکستان سے سونا، تانبا اور دیگر معدنیات کی برآمدات ہوں گی، جبکہ امریکی کمپنی پاکستان میں جدید پولی میٹلک ریفائنری قائم کرے گی۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ معاہدہ روزگار، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کا ضامن ہوگا۔
امریکی کمپنیوں نے پاکستان میں کان کنی اور انفراسٹرکچر میں طویل المدتی شراکت داری کی خواہش ظاہر کی۔ اس دوران ایف ڈبلیو او اور امریکی کمپنی کے درمیان کریٹیکل منرلز پر تاریخی معاہدہ بھی ہوا، جس میں امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے تانبے، سونے اور دیگر معدنیات کے ذخائر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مزید برآں، این ایل سی اور ایک امریکی کمپنی کے درمیان لاجسٹکس اور تعمیرات کے شعبے میں ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزرا بھی شریک تھے۔
