شہری پر اس کی بہن کے سامنے تشدد کرنے والے نجی کمپنی کے سی ای او سلمان فاروقی کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا گیا ۔
واضح رہے کہ 31 مئی کو ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل کے قریب مرسڈیز کار میں سوار سلمان فاروقی نامی بااثر کاروباری نے سیلون پر کام کرنے والی کلپنا نامی خاتون کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایاتھا ۔واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اعلی افسران دباؤ میں آ گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طاقت کے نشے میں چور ملزم سلمان فاروقی کس طرح نوجوان کو اس کی بہن کے سامنے گالیاں دیتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنارہا ہے ۔ متاثرہ شہری کی بہن زور قطار رو کر اپنے بھائی کو معاف کرنے کی التجا کرتی نظر آرہی ہے۔ خاتون ڈیفنس کے سیلون میں ملازمت کرتی ہے۔ اس کو واقعے کے روز اس کا بھائی لینے آیا تھا۔ دونوں بہن بھائی موٹرسائیکل پر جارہے تھے کہ سلمان فاروقی کی گاڑی سے ٹکر ہوگئی تھی۔اس معمولی بات پر سلمان فاروقی نے سرعام نوجوان پر تشدد کیا۔
بعدازاں گذری پولیس نے ایک عینی شاہد محمد سلیم کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 278/25 بجرم دفعات 506 بی ، 354 ، 342 ، 34/504 کے تحت درج کرلیا۔مدعی مقدمہ کے مطابق وہ 31 مئی کو اتحاد کمرشل ریکوری کے لیے گیا ہوا تھا۔ اس دوران دیکھا کہ ایک لینڈ کروزر اور موٹرسائیکل کے درمیان معمولی حادثہ ہوا۔ اس دوران لینڈ کروزر کے مالک سلمان فاروقی نے اپنے مسلح گارڈ اور ڈرائیور کے ذریعے موٹرسائیکل سوار کو اسلحہ کے زور پر اپنی گاڑی میں محصور کرکے زدوکوب کیا۔ مغلظات بکیں اور دھمکیاں دیں۔ موٹرسائیکل سوار کے ساتھ موجود خاتون نے گاڑی کے مالک کو ہاتھ جوڑ کر منت سماجت کی مگر اس پر کوئی اثر نہ ہوا۔
پولیس نے سلمان فاروقی کے دفتر اور گھر پر چھاپہ مارا مگر اس کی گرفتاری نہ ہوسکی۔ تاہم ملزم کے ڈرائیور اور سیکورٹی گارڈ کو گرفتار کرتے ہوئے ملزم کی گاڑی تحویل میں لے لی گئی، بعدازاں سلمان فاروقی نے گذری تھانے جاکر گرفتاری دے دی ، جہاں اسے وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کی لاک اپ میں مختلف تصاویر بھی جاری کی، لیکن لاک اپ کو تالا لگانا بھول گئے۔ سوشل میڈیا پر پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تو دوسری تصویر جاری کی گئی جس میں اس نے پریشان ہونے کی اداکاری کی۔ ملزم سلمان فاروقی کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ بائیونکس فلم نامی پروڈکشن ہاؤس کا سی ای او اور پی ٹی آئی کے سپورٹر ہے ۔
