پشین،بنوں میں 15 دہشت گرد ہلاک
پشین اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی 2 الگ الگ کارروائیوں میں 15 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان کے علاقے پشین میں سیکیورٹی فورسز نے سی ٹی ڈی کے ہمراہ انٹیلی جنس بنیاد پر مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق جمعہ کو بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے چنائی بابا میں انٹلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملے کے ساتھ ساتھ دیگر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور آپریشن کے وقت بھی وہ دہشت گردانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ڈی ٹی حکام نے مزید بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں سول اسپتال پیشن منتقل کردی گئیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 6 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 23 اور 24 اپریل کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز کی جانب سے ضلع بنوں میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر خوارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے جبکہ کارروائی میں 4 خوارج زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے دہشت گرد کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
