صوابی،تھانے میں دھماکے سے عمارت منہدم،1 اہلکار شہید اور 34 زخمی
صوابی: خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں تھانے کے اندر زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوگئی، جبکہ ایک اہلکار شہید اور 34 زخمی ہوئے ہیں۔
تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور ایک اہلکار شہید جبکہ 34 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ضلعی پولیس آفیسر نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے جبکہ اس کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر ریسکیو رضاکار اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی کو ہائی الرٹ بھی کردیا گیا ہے۔
جائے وقوعہ پر ریسکیو رضاکاروں نے امدادی کام شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیاہے۔
دھماکے کے بعد باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، جبکہ ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی مراحل میں 8 زخمی منتقل کیے گئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔ باچا خان اسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اانتظامیہ زخمیوں کو علاج کی فراہمی کی نگرانی کررہی ہیں۔
ڈی ایچ کیو اسپتال میں صوابی پولیس اسٹیشن دھماکے کے 26 زخمی منتقل کیے گئے جن میں سے ایک بچہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
