اشتہار کے لیے جگہ (728x90)
تازہ ترین
● راولپنڈی میں 1300 کےجھگڑے نے 2 جانیں لے لیں ● پیپلز پارٹی آزادکشمیر اورجےیو آئی میں انتخابی اتحاد طےپاگیا ● نوازشریف کی صدارت میں ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ● اخلاقی جرائم کی درست تشخیص ضروری ہے ● 13 سالہ عبدالمعیز کے قتل کا معمہ کیسے حل ہوا ؟ ● دیول کے 13 سالہ معیز کے قاتل 3 ماہ بعد گرفتار ● بھانجے کے ہاتھوں قتل ہونے والے چوہدری آصف کی تدفین ● ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا 

لیجنڈری پاکستانی اداکار "آزاد”

FB IMG 1726602311360 1

 

محمد حنیف قریشی المعروف آزاد کا شمار پاکستان کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنھوں نے قیام پاکستان کے بعد بننے والی ابتدائی دور کی فلموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کی بدولت فلم انڈسٹری میں اپنا مقام بنایا ۔
اداکار آزاد 16 اکتوبر 1916ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ انھیں اداکاری کا شوق بچپن سے ہی تھا اور یہ شوق انھیں بمبئی لے آیا ۔

اداکار آزاد نے 70ء اور 80ء کی دہائی کے ابتدائی دنوں میں متعدد بار انٹرویوز دیے جو اس زمانے میں روزنامہ جنگ میں شائع ہوا کرتے تھے ۔

انھوں نے بتایا کہ 40ء کی دہائی میں ” امپیریل” نامی فلم کمپنی جو اس وقت فلمیں بناتی تھی، انھوں نے وہاں ملازمت اختیار کر لی۔ جہاں اس زمانے میں اداکاروں کو روزانہ کی بنیاد پر اجرت دی جاتی تھی اور ان کی روز کی اجرت اس وقت ” آٹھ آنے” ہوا کرتی تھی ۔

اس وقت فلموں میں ہندی کے ساتھ ساتھ اُردو زبان میں لکھے گئے ڈائیلاگ بھی بولے جاتے تھے اور بعض اوقات اداکاروں کو مشکلات پیش آتی تھیں۔  آزاد چونکہ اہل زبان تھے ، اُردو ان کی مادری زبان تھی لہٰذا فلم کمپنی والے آزاد صاحب سے مدد لیا کرتے تھے اور اُردو خط وکتابت میں بھی اداکار آزاد صاحب سے مدد لی جاتی تھی۔  یہی وجہ تھی کہ فلم کمپنی والے آزاد صاحب کی بہت عزت کرتے تھے ۔

تقسیم ہند کے بعد اداکار آزاد پاکستان منتقل ہو گئے اور نوزائیدہ پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی میں انھوں نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے "دوپٹہ، سات لاکھ، قاتل اور جہاں تم وہاں ہم” سمیت متعدد فلموں میں لا زوال اداکاری کی ۔

وہ اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ بہت محبت سے پیش آتے اور ان کی ہر ممکن مدد کرتے تھے ۔ 1966ء میں فلم "تم ملے پیار ملا” کی شوٹنگ ہو رہی تھی۔ اس دوران اداکار محمد علی اور زیبا کی شادی کے چرچے عام ہوئے تو بعض حلقوں کی طرف سے مخالفت شروع ہو گئی۔ لہذا اداکار محمد علی اور زیبا کا نکاح 29 ستمبر 1966ء کو اداکار آزاد کے ناظم آباد کراچی میں واقع گھر پر رکھا گیا ۔

ایک بات سے شاید کم لوگ واقف ہوں گے کہ اداکار آزاد نے بمبئی میں 1935ء تا 1940ء پانچ سال بانی پاکستان حضرت قائدِ اعظم محمد علی جناح کے ڈرائیور کی حیثیت سے ملازمت بھی اختیار کی ۔ وہ پاکستان کے واحد اداکار تھے جنھیں 5 سال قائدِ اعظم کے قریب رہنے کا موقع ملا۔  وہ بمبئی میں ان کی سفید پیکارڈ گاڑی چلاتے تھے ۔
اکثر وہ قائدِ اعظم کے ساتھ گذرے اپنے واقعات اور یادیں اخبارات کے ذریعے شیئر کرتے رہتے تھے۔ معروف افسانہ نگار "منٹو” نے اپنے مضمون "میرا صاحب” میں قائد اعظم پر جو خاکہ تحریر کیا، اس میں بھی اداکار آزاد کی معاونت شامل تھی۔

اداکار آزاد نے 80ء کی دہائی کے ابتدائی سالوں تک فلموں میں اداکاری کی۔ 12 ستمبر 1986ء کو کراچی میں ان کا انتقال ہوا ۔

اللّٰہ پاک ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے آمین ۔

 

عبد اللطیف
(Karachi Wonders)


Notice: ob_end_flush(): Failed to send buffer of zlib output compression (0) in /home/kohsarne/public_html/wp-includes/functions.php on line 5481