اشتہار کے لیے جگہ (728x90)
تازہ ترین
● راولپنڈی میں 1300 کےجھگڑے نے 2 جانیں لے لیں ● پیپلز پارٹی آزادکشمیر اورجےیو آئی میں انتخابی اتحاد طےپاگیا ● نوازشریف کی صدارت میں ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ● اخلاقی جرائم کی درست تشخیص ضروری ہے ● 13 سالہ عبدالمعیز کے قتل کا معمہ کیسے حل ہوا ؟ ● دیول کے 13 سالہ معیز کے قاتل 3 ماہ بعد گرفتار ● بھانجے کے ہاتھوں قتل ہونے والے چوہدری آصف کی تدفین ● ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا 

خارش کا خرخشہ ۔۔۔۔ ( طنز و مزاح )

4b36b30c 5a9a 4ceb 9270 c9c080394d1b

اس میں کیا شک ہے کہ شرافت کے قرینے سے کیئے جاسکنے والے اکثر ہی کام زیادہ تسکین بخش نہیں ہوتے لیکن خارش ان سے قطعی مستثنیٰ ہے ۔۔ کل عالم انسانیت تو کیا دنیائے حیوانیت بھی اس کے نرغے میں ہے. آپ نے بارہا گائے بیل اور انسانوں کو یکساں انداز میں کھجاتے دیکھا تو ہوگا، یوں ایک کھجلی ہے جو دونوں طرح کے جان وروں کو ایک پیج پہ لے آتی ہے۔۔۔۔ تاہم اس عمل کا ایک خاص و نرالا پہلو یہ ہے کہ سبھی اس سے نجات پانا چاہتے ہیں مگر مزہ بھی سبھی لیتے ہیں –

اس میں کوئی مبالغہ نہیں کہ وہ چار چیزیں جنہیں مفت کا سرور دینے کی خصوصی توفیق بخشی گئی ہے ان میں پہلی تو نیند ہے اور دوسری خارش ہے جبکہ تیسری اور چوتھی چیز بھی خارش ہے۔۔۔ ان میں اعضائے رئیسہ کی خارش کا مقام بلند تر ہے جو کہ گاہے رئیسانہ نشاط سے ہمکنار کرجاتی ہےکہ اس میں دست درازی کا رنگ نمایاں ہوتا ہے ۔۔ یوں تو خارش بدنی سائنس کا عمل ہے لیکن اچانک بھری محفل میں اسکی نوبت آجائے تو پھر پوشیدگی کے خاص اہتمام اور حصول تسکین کے مقاصد کو بیک وقت ممکن بناسکنے کی جدوجہد ، اس کا رتبہ خصوصی آرٹ سے جاملاتی ہے۔۔
عام تجربے کی بات ہے کہ جو کام بار بار کیا جائے تو اس کا کیف پھیکا پڑھ جاتا ہے ، اچھے سے اچھا کھانا ہو کے گانا، ہمیشہ و مسلسل لطف نہیں دےپاتا مگر یہ عجب خاصیت بھی فقط خارش ہی کو ودیعت ہوئی ہے کہ ہر بار پہلے سے بڑھ کے مزہ ملتا ہے۔۔۔ یہی وجہ ہے کہ خارش ہی وہ واحد طولانی کام ہے جو ہر بار پہلے سے بڑھ کے دلجمعی سے کیا جاتا ہے ۔۔۔ دیکھا جائے تو خارش ایک طرح کی ورزش بھی ہے کیونکہ اس کی بنیاد ہی دھر رگڑا ہے اور وہ بھی انتھک ، وافر و مسلسل ۔۔۔
بلاشبہ یہ خارش ہی ہے جو کسی کو خوش نصیبی اور بدنصیبی کے ذائقے بیک وقت چکھا سکتی ہے کیونکہ کھچا کھچ بھری بس میں کھڑا اور پھنسا مسافر اس وقت خود کو بیحد بدنصیب شمار کرسکتا ہے کہ جب اسے یکبارگی خارش ًمحسوس ہواور اسکے لیئے کھل کھیلنا ممکن نہ ہو اور بالیقین اس موقع پہ اسے بس سے باہر نظر آتا ہر وہ شخص بیحد خوش نصیب لگے گا کہ جو حسب منشاء اپنے ہر جسمانی مقام پہ باآسانی اور باافراط کھجلا سکتا ہو
یوسفی کہتے ہیں کہ مرد کی آنکھ اور عورت کی زبان کا دم دیر سے نکلتا ہے ۔۔۔ لیکن اس میں کیا شک ہے کہ سوجانے کے بعد دونوں ہی ایک ہی طرح کے بے ضرور و بیجان ہوجاتے ہیں کیونکہ نہ آنکھ چلتی ہے اور نہ ہی زبان ۔۔۔ جو شے چلتی ہے وہ ہے سانس یا خارش کے لیئے چلتے ہاتھ ۔۔ یوں یہ مان لینے میں کوئی حرج نہیں کہ بعد از تنفس خارش بھی زندگی کا اک بڑا ثبوت ہے کیونکہ مردے خارش نہیں کرتے۔۔۔
جمالیاتی سطح پہ ویسے تو خارش ‘فنون کثیفہ’ کا ناگزیر جزو ہے جس میں جمائی، انگڑائی، ناک سنکنا اور چھینک بھی شامل ہیں اور اسکا توسیعی مرحلہ خراٹے ہیں، لیکن آپ جب کسی کو خارش کرتا دیکھیں تو عین وہی سکون اس کے چہرے پہ براجمان پائیں گے جو کہ فنون لطیفہ کے کسی تخلیق کار کے چہرے پہ تخلیقی عمل کے دوران دیکھا جاسکتا ہے اور ہلکی ہلکی خارش کے لیئے ہولے ہولے انگلیاں چلانے کا عمل تو ستار کے انگ چھیڑنے جیسا نشاط انگیز ہے – –
خارش کسی قائدے ضابطے، ٹائم لائن اور پیمائش سے مبرا ہوتی ہے کبھی بھی ہوسکتی ہے اور کتنی بھی ہوسکتی ہے اور کسی مقام پہ بھی ہوسکتی ہے البتہ جو مقام جس قدر پرائیویٹ ہے اسے پبلک کی تؤجہ میں لانے میں اسی قدر زیادہ التفات برتتی ہے
وقتی طور پہ ہی سہی، لیکن یہ خارش ہی ہے جوتؤجہ کو اداسی و بیزاری سے ہٹاسکتی ہے ۔۔۔ کوئی مایوس و ناراض فرد جس کے رویئے سے کبھی ایسا لگنے لگتا ہے کہ اب اس کی کسی چیز میں دلچسپی نہیں رہی ، تب ذرا دیر بعد ہی اسے اچانک کسی قریبی دروازے کے پلے یا چوکھٹ کی طرف لپکتا دیکھا جاسکتا ہے جہاں وہ اپنی پیٹھ اس سے لگاکے کچھ دیر دائیں بائیں اوپر نیچے پیہم ہلتا جلتا پایا جائےگا اور پھر کچھ ہی دیر میں دفعتا وہ بہت ہشاش بشاش سا دکھنے لگےگا- اور دنیا میں انکا پھر سے دل لگتا محسوس ہونےلگےگا ۔۔۔ محض خارش کرپانے کی نعمت کے بل پہ یہ اتنا بڑا بدلاؤ صرف خارش ہی سے ممکن ہے
پورے وثوق سے عرض ہے کہ دنیا خواہ کتنی بھی ترقی کرلے ، برصغیر میں جسم کھجانے کا تسلی بخش آلہ ہمیشہ کنگھا اور دروازہ ہی رہے گا
دنیا میں خارش کہیں کہیں کھجلی بھی کہلاتی ہے مگر یہ اسے مزید ذلیل کرنے کی ایک لسانی کوشش ہوا کرتی ہے اور اسی لیئے اسے نچلے طبقے کے کھاتے میں ڈالا جاتاہے جبکہ خارش مڈل کلاس کے حصے میں آئی ہے اس سے اوپر کے طبقے میں اسی علت کو اسکن الرجی کا غلاف اوڑھایا جاتا ہے – خارش بالعموم 3 قسم کی ہوتی ہے ضرورتاً ، عادتاً یا مصلحتاً ۔۔۔ضرورت کے طور پہ خارش کرنےوالے عموما” بروقت اور ہڑبڑا کے یہ کام طوعاؐ و کرہا کرتے ہیں ۔۔۔ بعد میں ان میں سے چند اس کے رسیا بن جاتے ہیں اوربعد ازاں عادتاؐ خارش کرتے رہتے ہیں اور پھردیوانہ وار کرتے ہی رہتے ہیں ۔۔۔ البتہ مصلحت والی خارش بالعموم دفتری اور ازدواجی میکنزم کا حصہ ہے جو دراصل خفیہ پیغام یا کوڈ ورڈ لیئے ہوتی ہے،پہلے میں نجات اوردوسرے میں قرب کا اشارہ مستوراور مرؤج ہے

دیکھا یہ گیا ہے کہ خارش کی سائنسی توجیہ اور تاریخ جاننے میں کسی کی ذرا دلچسپی نہیں ، محض کھجانے میں ہے۔۔۔ عام طور پہ بس یہی جانتے ہیں کسی خارش زدہ کو محض لمحہ بھروارفتگی سے کھجلاتے دیکھنے ہی سے یہ یکایک محسوس ہونے لگتی ہے – انسانی جسم میں نرم ترین خارش کا مقام سر ہے کہ جس کا الزم صرف جوؤں کے سرجاتا ہے حالانکہ بڑی ذمہ داری انہیں پالنے پوسنے والے کی ہے جبکہ شدید تر خارش وہ ہے جس سے دیوانہ وارکھجانے والےکےمقام خارش پہ اوردیکھنے والے کی آنکھوں میں خون اتر آتا ہے- تاہم ایک قسم کی خارش اور بھی ہے جو کے شدید ترین کے درجے میں آتی ہے اور یہ دراصل کسی اچھے برے کام پہ پوری شدت سے اکسانےکا عمل ہے ۔۔۔ یقین کیجیئے میں نے خارش پہ یہ اچھا یا برا مضمون اسی خارش سے مغلوب ہوکے ہی تو لکھا ہے-


Notice: ob_end_flush(): Failed to send buffer of zlib output compression (0) in /home/kohsarne/public_html/wp-includes/functions.php on line 5481