ساہیوال ، چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی سے 4 بچے جاں بحق
پنجاب کے ضلع ساہیوال کے ٹیچنگ اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی سے 4 بچے جاں بحق ہوگئے، جبکہ درجنوں بچوں کو بچا لیا گیا
، اپنی جان پر کھیل کر بچوں کو بچانے والوں میں اسپتال کا وارڈ بوئے پیش پیش رہا۔
تفصیلات کےمطابق ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ نرسری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ،آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔آگ نے چلڈرن وارڈ میں موجود تمام مشینری اور بیڈز کو خاکستر کردیا ، بعدازاں ریسکیو 1122 کے عملے نے آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کا عمل شروع کر دیا۔ وارڈ میں داخل بچوں کو دوسرے وارڈ میں شفٹ کردیا گیا ۔کمشنر ،آر پی او ،ڈی پی او ،ڈپٹی کمشنر ساہیوال سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موقع پر پہنچ گئے

ایم ایس ڈاکٹراخترکاکہناہےکہ مرنے والے بچے پیدائشی طور پر پری میچور اور بیمار تھے۔آتشزدگی کا واقعہ ہفتے کی صبح پیش آیا.آگ لگنے سے 60 سے 70 بچے اور اہل خانہ وارڈ میں پھنس گئے تھے، کئی بچوں کو چلڈرن وارڈ کے اسٹاف اور سیکیورٹی گارڈز نے جان پر کھیل کر بچایا اور انہیں وارڈ سے نکال کر ایمرجنسی میں منتقل کیا۔
بچوں کو آگ سے بحفاظت نکالنے والے نوجوان ارشد کی تصویر سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے اور اسے اصل ہیرو قرار دیا جا رہا ہے.
