بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے امیدوار آئندہ اتوار پُرامن انتخابی مہم کیلئے باہر نکلیں، جو امیدوار انتخابی مہم کیلئے نہیں نکلیں گے ان کے ٹکٹ تبدیل کر دیے جائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی جا رہی، میرا اور نواز شریف کا معاملہ الگ ہے، نواز شریف اور مریم نااہل ہوئے تھے جبکہ شہباز شریف کو باجوہ کی مکمل حمایت حاصل تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے جلسوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہا، ڈر ہے کہ یہ الیکشن سے بھاگ نہ جائیں گے جیسے اکتوبر میں یہ الیکشن سے بھاگ گئے تھے لیکن اب 8 فروری کو ہر صورت الیکشن ہونے چاہیئے۔
جاوید ہاشمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جیل میں رہ چکے ہہیں اور سمجھتے ہیں کہ میرے خلاف سب کچھ اسٹیبلشمنٹ کروا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری نثار بھی 50 سال پرانے دوست ہیں، انہیں اپریل 2018ء میں پی ٹی ائی میں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن چوہدری نثار پھر چوہری نثار ہیں، اگر وہ ہمارے ساتھ الحاق کی بات کریں گے تو ویگو ڈالا پہنچ جائے گا، یہ آزادی کی تحریک ہے اور اس تحریک کے دوران جیل میں رہنے کو عبادت سمجھتا ہوں۔
