امریکہ میں پاکستانی نژاد لیڈی چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر طلعت جہاں کے لرزہ خیز قتل نے پاکستانیوں سمیت پوری مسلم کمیونٹی کو سوگوار کر دیا۔سفید فام نسل پرست ملزم نے ہیوسٹن میں ڈاکٹر طلعت جہاں پر چاقوؤں کے پے درپے وار کر کے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا جبہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا سے موصولہ تفصیلات کے مطابق ریاست ہیوسٹن کی رہائشی پاکستانی نژاد چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر طلعت جہاں کو ان کے گھر کے باہر چاقو مار کر قتل کیا گیا۔ سفید فام نسل پرست ملزم نے ڈاکٹر طلعت جہاں پر چاقو کے متعدد وار کئے جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
پولیس نے ڈاکٹر طلعت جہاں کو چاقو مارنے والے سفید فام شخص کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت 24 سالہ مائلز جوزف فریڈریش کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کردی ہے اور ملزم کا کرائم ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر طلعت کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ حملہ آور کو نہیں جانتی تھیں کیونکہ انہوں نے کبھی اس نام کے شخص کا ذکر نہیں کیا۔ چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر طلعت رواں سال جولائی میں واشنگٹن سے ٹیکساس منتقل ہوئی تھیں۔ ان کا 23 سالہ بیٹا اور 14 سال کی بیٹی ہے۔ وہ بچوں کی انتہائی قابل ڈاکٹر کےطور پر مشہور تھیں۔
ڈاکٹر طلعت جہاں کے قتل کی المناک واردات پر پاکستانیوں سمیت امریکہ میں مقیم پوری مسلم کمیونٹی سوگوار ہے ۔امریکہ میں پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئےمقتولہ کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
Shocking murder of a lady-child specialist of Pakistani origin in America,امریکہ میں پاکستانی نژاد لیڈی چائلڈ اسپیشلسٹ کا لرزہ خیز قتل

