راولپنڈی کے سب سے بڑے ہولی فیملی ہسپتال سے اغواء ہونے والی ایک دن کی نومولود بچی کو پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر بازیاب کرا لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو ٹاؤن پولیس کو فیاض نامی شخص کی جانب سے اس کی ایک دن کی نومولود بچی کو ہولی فیملی ہسپتال سے اغواء کئے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ، جس پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور بچی کی بازیابی کا حکم دیا تھا ،
بازیابی کے لیے ایس ڈی پی او نیوٹاؤن کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دی گئیں،
پولیس ٹیموں نے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع سے چند گھنٹوں میں خاتون سمیت دونوں اغواء کاروں کو گرفتار کر لیا ، ترجمان نے بتایا کہ ملزمان صائمہ اور بابر بہانے سے شیر خوار بچی کو لے گئے اور ہسپتال سے اغواء کیا تھا ،
نومولود بچی کو نیوٹاؤن پولیس نے ہسپتال میں فیملی کے حوالے کر دیا ہے، ادھر نیوٹاؤن پولیس کی فوری کارروائی ، بچی کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی کی ایس پی راول، ڈی ایس پی نیوٹاؤن، ایس ایچ او نیوٹاؤن اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان سے تفتیش کر کے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا،خواتین اور بچوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

