مری میں تعمیرات پر پابندی کا حکم دھرا رہ گیا۔حکومت اور انتظامیہ کی جانب سےپابندی کے باوجود غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ پوری رفتار سے جاری ہے جبکہ روک تھام کے ذمہ دار متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کے لیے ہیوی مشینری کے ذریعہ مٹی کی کھدائی جاری ہے جس سے بھوربن روڈ سمیت متعدد سڑکیں بھی لینڈسلائیڈکے خطرے سے دوچار ہیں جبکہ کشمیری بازار سے ملحقہ مقامات پر بااثر شخصیتات کی جانب سے برساتی نالوں پر بھی تعمیرات جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تعمیرات کو روکنے میںمیونسپل عملے سمیت محکمہ ہائی وے اور محکمہ جنگلات بظاہر بے بس نظر آتے ہیں ،تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب ملی بھگت سے ہو رہا ہے۔ غیرقانونی تعمیرات کے نتیجے میں ہر طرف کنکریٹ کے پہاڑ نظر آرہے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سانحہ مری کے تفصیلی فیصلہ میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے غیرقانونی تعمیرات کے ساتھ ساتھ درختوں اور پہاڑوں کی کٹائی پر فوری پابندی لگاتے ہوئے کارروائی کے احکامات بھی جاری کر رکھےہیں لیکن سیاسی شخصیات کی آشیرباد سے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے۔ اور بے ہنگم تعمیرات سے مری کا حسن تباہ ہو رہا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اپر جھیکاگلی روڈ ، ویوفورتھ روڈ ، کشمیر پوائنٹ، لارنس کالج بائی پاس روڈ ، مال روڈ ، جی پی او کلڈنہ روڈ ، پنڈی پوائینٹ ، بنک روڈ ، ہال روڈ ، کارٹ روڈ ، جبکہ دیہی علاقوں بھوربن روڈ ، باڑیاں روڈ ، بھوربن روڈ،مری ایکسپریس وے ڈنہ ، مسیاڑی شوالہ لنک روڈ، سنی بنک، بانسرہ گلی، چٹہ موڑ کے علاقے بھی غیر قانونی تعمیرات کی لپیٹ میں ہیں جبکہ بھوربن روڈ پر کشمیر ی بازار کے نزدیک برساتی نالے پر تعمیرات جاری ہے اور گالف ہوٹل کے نزدیک ایک بڑی کھدائی کے باعث سڑک کا بڑا حصہ لینڈ سلائینڈنگ کی زد میں آگیا ہے۔
تعمیرات سے نکلنے والی مٹی کو محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے جنگل میں پھینکا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب محکمہ ہائی وے مری کی عدم توجہی اور بے حسی کے باعث سڑکوں کی پلیاں نالیاں بھی لینڈ مافیا کی زد میں آگئ ہیں اور وہاں پر بھی تعمیرات جاری ہے ۔متعلقہ ادارے کی جانب سے صرف خانہ پری اور آفیشل پیجیز کے لیے ویڈیو کلپس بنانے کے لیے لنٹرز کی شٹرینگ گرائی جارہی ہیں اور نامعلوم ایف آئی آر بھی درج کی گئ ہیں عوامی حلقوں نے مری کے حسن کو خراب کرنے والوں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے.
Non stop illegal construction continues in Murree,مری میں تعمیرات پر پابندی کا حکم دھرا رہ گیا

