کلڈنہ بازار کی دکانوں کی نیلامی رکوانے اور دکانداروں کا کاروبار بچانے کیلئے مری کے تاجر متحد ہو گئے۔
مرکزی انجمن تاجران مری کے صدر راجہ طفیل اخلاق نے واضح کیا ہے کہ دکانداروں کو کسی صورت بیروزگار نہیں ہونے دیا جائے گا ۔تاجروں کا معاشی قتل کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
غریب تاجر،بجلی،گیس کے بھاری بھر کم بل ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے ،ایسے میں مہنگائی میں تاجروں سے ان کا روزگار چھیننا انتہائی زیادتی ہے ان خیالات کااظہار مرکزی انجمن تاجران مری کے صدر راجہ طفیل اخلاق نے تاجران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کلڈنہ بازار ایک سو سال سے زائد قدیمی بازار ہے جہاں دکاندار چھوٹے موٹے کاروبار اور محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کیلئے رزق حلال کما کر ان کا پیٹ پالتے ہیں،کینٹ انتظامیہ مری نے دکانداروں کونوٹس دئیے بغیر نیلامی کا اشتہار شائع کر کے تاجروں کے ساتھ ذیادتی کی ہے کینٹ بورڈ مری غریب دکانداروں کو سہولیات دینے کے بجائے ان کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے،
انہوں نے کہاکہ سوسال سے زائد پرانے بازار کو بغیر کسی نوٹس کے ختم کرنا اورغریب تاجروں کو متبادل جگہ نہ دینا سوالیہ نشان ہے۔ لوئر ٹوپہ کے مقام پر کینٹ مری نے جس طرح نئی مارکیٹ بنا کر تاجروں کو آباد کیا کلڈنہ بازار کے تاجروں کو بھی متبادل جگہ دے کر آباد کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران تاجروں کامکمل دفاع کرے گی اور ہر مشکل وقت میں اپنے تاجروں کے ساتھ ہے اگر کلڈنہ کے غریب تاجروں کے ساتھ کسی قسم کی بھی زیادتی کی گئی تو انجمن تاجران مری شدید احتجاج کرے گی،اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے سینئر نائب صدرواجد عباسی،جوائنٹ سیکرٹری عامر عباسی،سیکرٹری اطلاعات خاور میر اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
Murree traders united to save the business of Kuldna Bazaar vendors ,کلڈنہ بازار کےدکانداروں کا کاروبار بچانے کیلئے مری کے تاجر متحد
