الخدمت کے تحت کراچی کے میٹرک و انٹر پاس طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کرانے کے لیے بنو قابل 2.0 کے ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا انعقادمزارقائد کے پہلو میں باغ جناح کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں کیا گیا جس میں ہزاروں طلبہ وطالبات نے شرکت کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
طلبہ و طالبات کے لیے علیحدہ علیحدہ حصے مختص کیے گئے تھے۔ علاوہ ازیں الخدمت بنو قابل 1.0میں نمایاں کاکردگی حاصل کرنے والے طلبہ اور طالبات کو حافظ نعیم الرحمن نے گولڈ میڈلز اور شیلڈز پیش کی۔ جس کے لیے کانوکیشن بھی منعقد کیا گیا۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، نگراں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈئیر ریٹائرڈ حارث نواز،الخدمت کے چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
2.0میں کمپیوٹر کے معتبر اداروں کے ذریعے فری لانسنگ، ویب ڈیولپمنٹ، گرافک ڈیزائنگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون، ورچوئل اسسٹنٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمیت 15 سے زائدکورسز کروائے جائیں گے۔الخدمت نے اس پروگرام کے لیے شہر کے معروف آئی ٹی پروفیشنلر کی بڑی ٹیم اور اداروں کی معاونت بھی حاصل کی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ2024میں الخدمت کے تحت آئی ٹی یونیورسٹی قائم کریں گے۔ کراچی کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے دوسالہ ڈپلومہ کورس کروائے جائیں گے، سی ایس ایس پروگرام کی تیاری بھی شروع کرنے جارہے ہیں،کراچی کے نوجوانوں کے لیے ملازمت نہیں ہے، نوجوان مایوس نہ ہوں محنت کریں، امید زندگی ہے یقینا کامیابی سے ہمکنار ہوں گے،بنو قابل پروگرام میں 12کیمپس سے بڑھا کر 30کیمپس کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لسانیت و عصبیت پر یقین نہیں رکھتے۔ کراچی میں تمام زبان بولنے والے رہایش پذیر ہیں، ہم شہر میں رہنے والے تما م لوگوں کی خدمت کریں گے، نوجوان لڑکے اور لڑکیاں جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہوجائیں، قبضہ مئیر سے جان چھڑوانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
صوبائی وزیر داخلہ حارث نواز نے کہاکہ الخدمت کے تحت آئی ٹی کے شعبے میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے بہترین کام کروایا جارہا ہے،اگر محنت اور لگن کے ساتھ کورس کریں گے تو 200 بلین پاکستان کے لیے کما سکتے ہیں،انتہائی خوشی کا باعث ہے کہ کورس مکمل کرنے والے بچوں نے 100 سے 200 ڈالر کمانا شروع کردیا ہے،جدید ٹیکنالوجی کے لیے جو بھی مسائل ہوں گے ہم مل کر حل کریں گے،ہم ڈرگ مافیا کے خلاف مہم چلارہے ہیں،منشیات فروشی اور ڈرگ مافیا کے خلاف ہر ممکن کاروائی کریں گے،کچے اور پکے کے ڈاکووں کے خلاف بھی کاروائی کریں گے۔
Thousands of students participated in the Aptitude Test under Al-Khidmat,الخدمت کے تحت ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں ہزاروں طلبہ و طالبات شریک۔

