وفاقی پولیس کا اہم اقدام ، اقلیتی براداری کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ” اقلیتی تحفظ یونٹ” قائم کر دیا ۔
سی سی پی او اسلام آباد ڈاکٹر اکبرناصرخاں نے اقلیتی برادری کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے تحفظ یونٹ قائم کر دیاہے، تمام زونز کے ڈی پی اوز اپنے علاقہ میں اقلیتی عبادت گاہوں اور آبادیوں کی حفاظت کے ذمہ دار ہوں گے اور اس مقصد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے،
اس سلسلے میں ہر ڈویژن کی سطح پر اقلیتی کمیٹیوں سے رابطوں کو مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ان کو درپیش مسائل کو بروقت حل کیا جاسکے،اقلیتی تحفظ یونٹ براہ راست ایس ایس پی آپریشنز کی زیر نگرانی اپنے فرائض سرانجام دے گا،یونٹ کو فعال کرنے اور اس کی استعداد بہتر کرنے کیلئے 70 جوانوں کو یونٹ میں تعینات کردیا گیا ہے۔
نو تعینات جوانوں میں حالیہ بھرتی ہونے والے جوان بھی شامل ہیں، ڈاکٹر اکبر ناصرخاں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے پولیس کاکردار بہت اہم ہے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مختلف کورسز کا انعقاد بھی کیا جارہاہے۔اسلام آباد پولیس اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائے گی جبکہ تھانوں کی سطح پر امن کمیٹیوں میں اقلیتوں کی نمائندگی کو بھی یقینی بنائے گی۔
