مری اور گردونواح میں ؒخونخوار جنگلی جانوروں اور درندوں کے حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
نیو مری کے نواحی علاقہ موہڑہ سیداں میں خونخوار جنگلی چیتے نے اچانک حملہ کر کے نوجوان کو شدید زخمی کر دیا
موصولہ تفصیل کے مطابق پیر کی صبح چیتے نے نجی سوسائٹی کے نوجوان گارڈ سعید پر دن دہاڑے حملہ آور ہو کر اسے زخمی کر دیا ۔چیتے کے حملے سے زخمی ہونے والے نوجوان کو شدید زخمی حالت میں نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور طبی امداد دی گئی ۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ۔اہل علاقہ نے محکمہ وائلڈ لائف مری کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے اپنی ذمہ داری نہ نبھائی تو ہم وائلڈ لائف کے آفس کے باہر شدید احتجاج کریں گے کیونکہ ہماری جان و مال محفوظ نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ مری ،گلیات ،سرکل بکوٹ اور گرد و نواح میں جنگلی سوروں اور چیتوں کے حملوں میں حالیہ عرصے میں متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں ۔بار بار توجہ دلانے کے باوجود محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار سے مس نہیں ہوتے۔ خطہ کوہسار کے عوام جہاں اپنی فصلوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں وہیں ان کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
