مکش پوری ٹاپ پر گھڑ سواری کرتے ہوئے چھٹی جماعت کا طالبعلم گھوڑے سے گر کر جان بحق ہو گیا۔ بچے کا تعلق نگری بالا نڑی کیری سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے سے متعلق تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کی یونین کونسل نگری بالا کے محلہ نڑی کیری کے رہائشی اور پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ملازم سردار عبدالقدیر کا پوتا ثناءاللہ ولد سفیان اپنے چچا کے ساتھ مشک پوری ٹاپ کی سیر کو گیا اور گھڑ سواری کے دوران اچانک گھوڑا بدک کر دوڑنے لگا۔ کمسن گھڑ سوار ثناءاللہ گھوڑے سے گر پڑا اور اس کا پاؤں گھوڑے کی رکاب میں پھنس گیا جسے گھوڑا دور تک اپنے ساتھ گھسیٹ کر لے گیا۔ جس کے نتیجے میں ننھا گھڑ سوار ثناءاللہ شدید زخمی ہو گیا۔
زخمی بچے کو فوری طور پر نتھیا گلی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا۔ جاں بحق ہونے والا ثناءاللہ نگری بالا کے ایک پبلک سکول میں چھٹی جماعت کا طالب علم بتایا جاتا ہے۔
