راولپنڈی پولیس نے نوکری کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والی جعلی خاتون پولیس افسر کو گرفتار کر لیا، اسلام آباد کے علاقے پنڈوڑیاں اشرف ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی ملزمہ سونا پولیس میں بھرتی کا جھانسا دے کر سادہ لوح افراد کو لوٹنے میں ملوث ہے۔
اس حوالے سے موصولہ تفصیلات کے مطابق خود کو پولیس افسر ظاہر کر کے پولیس میں بھرتی کرانے کےنام پر رقوم ہتھیانے والی خاتون کو شہریوں نے پکڑ کے پولیس کے حوالے کر دیا،راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کو عمیر بنارس نے بتایا کہ میری کزن علینہ کی مجھے کال آئی کہ ڈسٹرکٹ کچہری کے گیٹ پر ایک عورت کے پاس کھڑی ہوں جس نے مجھ سے قبل ازیں 60 ہزار روپے پولیس میں بھرتی کروانے کے لیے تھے اور آج میں اس کو اپنے کاغذات اور مزید 5 ہزار روپے دینے آئی ہوں،مگر یہ مجھ سے میرے اصل کاغذات مانگ رہی ہے جو گھر پڑے ہیں مجھے دے جاؤ۔
عمیر نے پولیس کو بتایا کہ میں جب کاغذات دینے کچہری پہنچا اور اس عورت سے نام پوچھا تو اس نے اپنا نام اے ایس آئی سونیا بتایا جو مجھے یاد آیا کہ میری ممانی نے بھی مجھے بتلایا تھا کہ اے ایس آئی سونیا کو انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں کو پولیس میں بھرتی کروانےکیلئے 30 ہزار روپے دیے تھے ،جو سونیا کھاگئی ہے میں نے سائیڈ پر ہو کر اپنی ممانی شازیہ کو کال کی تو تفصیل سن کر کچھ دیر میں میری ممانی شازیہ اور ان کی پڑوسن رضوانہ کوثر اور ان کا بیٹا سعود احمد بھی وہاں پر آگئے اوراے ایس آئی سونیا کو تینوں نے شناخت کرلیا۔ رضوانہ کوثر نے بتایا کہ میں نے بھی اپنی بیٹی ہمنہ عروج کو پولیس میں بھرتی کرانے کے 55 ہزار روپے دے رکھے ہیں۔ جعلی اے ایس آئی سو نیا نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش کی تو میری ممانی اور رضوانہ کوثر نے اسے پکڑ لیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیاہے۔
