سکھر کے قریب المناک ٹرین حادثے کا شکار ہونے والے اوسیا مری کے بریگیڈیئر کامران عباسی کے خاندان کے 5 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ کل بروز جمعہ پڑھائی جائے گی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں معصوم بچوں کی میتیں جل جانے کے باعث ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جا رہا ہے جس کے بعد پنوں عاقل چھاؤنی سے ان کی میتیں آبائی علاقے اوسیا مری روانہ کی جائیں گی جو ممکنہ طور پر جمعہ کی صبح دس سے گیارہ بجے پہنچیں گی ۔اس دوران شیڈول کے حساب سے نماز جنازہ کا اعلان کیا جائے گا جو نماز جمعہ سے پہلے یا بعد میں ہو سکتا ہے۔
حادثہ تخریب کاری کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق
دوسری طرف وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے تاہم اس بار واقعے کی ذمہ داری مسافروں پر نہیں ڈالی جائے گی بلکہ درست سمت میں تحقیقات کر کے اصل حقائق تک پہنچا جائے گا۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائے گی کہ زنجیر کھینچنے کے کتنی دیر بعد ٹرین روکی گئی اور یہ کہ خاتون کو ٹرین سے کودنے کی ضرورت کیوں پڑی۔
