اشتہار کے لیے جگہ (728x90)
تازہ ترین
● راولپنڈی میں 1300 کےجھگڑے نے 2 جانیں لے لیں ● پیپلز پارٹی آزادکشمیر اورجےیو آئی میں انتخابی اتحاد طےپاگیا ● نوازشریف کی صدارت میں ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ● اخلاقی جرائم کی درست تشخیص ضروری ہے ● 13 سالہ عبدالمعیز کے قتل کا معمہ کیسے حل ہوا ؟ ● دیول کے 13 سالہ معیز کے قاتل 3 ماہ بعد گرفتار ● بھانجے کے ہاتھوں قتل ہونے والے چوہدری آصف کی تدفین ● ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا 

جناب انور عباسی مرحوم ۔۔۔ عباسی قبیلے کے حقیقی وارث

FB IMG 1681362377880 1

اس وقت میں”بائی پاس آپریشن” کے بعد بسترِ علالت پر ہُوں۔ میرے اکثر معاملاتِ زندگی نبھانا میرے بیٹے کے ذِمہ ہیں۔ ہسپتال میں رہتے ہُُوئے جِن مشاہدات و تجربات سے فیض یاب ہُوا اُنہیں قِرطاسِ ابیض کی نذر کرنا ابھی باقی ہے۔ لیکن اِس شہرِ بے مثال مری کو ایسے قحط الرجال کا سامنا ہے کہ عظیم شخصیات کے نابود ہو جانے پر بھی اُن کے اس شہر پر احسانات کے حوالے سے ایک صفحہ لکھنے سے بھی قاصر ہیں۔

اِس معذوری کے عالم میں جب آپ اپنی گردن تک مرضی سے نہیں ہِلا سکتے میں اپنی یاداشتوں اور حروف کا تانا بانا جوڑ کر ایک مختصر تحریر جناب انور عباسی مرحوم کے نام کر رہا ہُوں۔
پروفیسرحضرت علامہ مُضطر عباسی کی مصاحبت، اقبال میونسپل لائبریری اور آرٹس کونسل ہال کے ساتھ ساتھ جہاں بھی میری موصوف کے ساتھ ملاقاتیں اور باتیں ہوتی رہیں اُن سب کو خلعتِ حروف پہنانے کی کوشش کروں گا۔
جناب انور عباسی مرحوم اِس خںطۂِ کوہسار کے اُن سپوتوں میں سے تھے جِن کا اِس سرزمین سے رِشتہ کئی نسلوں پر محیط تھا ۔ سرسبز و شاداب پہاڑوں ، شفاف و مترنّم چشموں، گُل پوش وادیوں اور دِل کش قُدرتی نظاروں سے آراستہ اِس قریۂِ جمال کے تمام رنگ اِن کے ظاہرو باطن میں جمع ہو گئے تھے۔
سر پر جناح کیپ، ہلکی ہلکی ڈاڑھی، نہایت شائستہ، نرم خُو، ہر وقت متبسّم اور ہر شخص سے خُلوص و محبّت سے ملنے والے انور عباسی مری شہر اور مضافات کی ایک مقبول و محترم شخصیت تھے۔ وہ سماجی، کاروباری اور سیاسی حلقوں میں بھی اپنی پہچان رکھتے تھے۔ علاقے کے لوگ اُن کی رائے کی قدر کرتے تھے اور اپنے مسائل کے حل کے لئے اُن کی راہنمائی کے متلاشی ہوتے تھے۔
جناب انور عباسی اِس خِطے کے ایک مُستند شاعر تھے اور وہ جِن مضامین کو موضوعِ خیال بناتے اُن کا حق ادا کر دیتے تھے۔ سادگی اور اثر آفرینی اُن کے کلام کی ایک خاص صفت ہے۔ قومی زبان اُردُو سے گہری وابستگی اور مسلّط زبان انگریزی کی چیرہ دستیوں کو کس کمال سادگی اور وضع داری سے بیان کرتے ہیں، ایک شعر میں ملاحظہ فرمائیں۔
نہیں گونگا کہ جو ہے قُوّتِ گویائی سے محروم
وہی ہے بے زباں یارو نہیں جِس کی زباں اپنی

روزنامہ "کشمیر پوسٹ انٹرنیشنل” میں ادبی صفحے کی ادارت کے دوران نیازمند نے ایک سلسلہ بنام "اساتذہ کی زمین میں” شروع کیا۔ جس میں معروف شعراء کے معروف کلام کے رنگ میں دیگر شعراء نےجو طبع آزمائی کی تھی اُسےیعنی دونوں شعراء کے کلام کو یکجا شائع کرنے کا اہتمام کیا تو عباسی صاحب نے میری بہت حوصلہ افزائی فرمائی اور اقبال کی زمیں میں اپنا تازہ کلام مرحمت فرمایا۔ اس سے قبل نیازمند اُستاد مومن خان مومن کی زمین میں حضرت علامہ مضطر عباسی رحمتہ کی مشہورِ زمانہ غزل
” تُمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو”
شائع کر چُکا تھا اور میری یہی کوشش اُن کے لئے تحریک کا باعث بنی۔ لیکن انور عباسی صاحب کی اقبال کی” زمین” میں غزل میرے ادبی صفحے کے لئے نیک فال ثابت ہُوئی اور "کشمیر پوسٹ” کے قارئین نے "اساتذہ کی زمین میں” اپنے کلام کا تانتا باندھ دیا۔
جنابِ انور عباسی کو نیازمند نے ایک مکتوب بھیج کر اُن کے حالاتِ زندگی اور نمونے کا کلام بھجوانے کی درخواست کی تا کہ مری کے شعراء کے حالات و کلام پر مبنی کتاب میں شامل کیا جا سکے۔ مرحوم نے اپنے کلام کے ہمراہ جواب بھجوایا جس کا ایک جُملہ آج بھی میرے ذہن پر نقش ہے جو مرحوم کی کسرِ نفسی اور عاجزی کا عُروج دکھائی دیتا ہے۔
” عزیزم بٹ صاحب! آپ علامہ مُضطر جیسے علمی بحرِ بے کراں سے استفادہ کر چُکے ہیں یقیناً اس کتاب میں اُن جیسی بڑی شخصیات کی سوانح اور کلام ہو گا ، اگر میری بھیجی ہُوئی تحریر اور کلام اس معیار پر پُورے نہ اُترتے ہوں تو براہِ کرم اپنی کتاب کو اس سے آلودہ نہ فرمائیں "۔
عباسی صاحب نے اپنے گاؤں "سہنّہ” میں "مدنی پبلک سکول” کے نام سے ایک تعلیمی ادارہ کھول رکھا تھا جہاں وہ علاقے کی نئی نسل کی تربیّت کر رہے تھے، وہ ایک حسّاس ، ذمہ دار اور فکر مند اُستاد تھے اور اپنے زیرِ تربیت بچوں پر پوری توجہ صرف کرتے تھے۔ یہ کام اُن کے لئے صرف وسیلۂ روزگار نہیں بلکہ قومی فریضہ تھا۔ وہ بہت اچھی نثر بھی لکھتے تھے جس میں اُن کی شاعری کی ساری رونقیں جلوہ گر ہوتی تھیں اور مرحوم کا بطور مُعلم تعارف ” عباسی بیکری ، جھیکا گلی والے انور عباسی صاحب” کے تعارف سے زیادہ فضیلت کا حامل ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ امجد بٹ۔۔۔۔ کوہ مری

FB IMG 1657623668303 1

صاحب مضمون

 

Picsart 23 04 13 10 07 47 640


Notice: ob_end_flush(): Failed to send buffer of zlib output compression (0) in /home/kohsarne/public_html/wp-includes/functions.php on line 5481