اشتہار کے لیے جگہ (728x90)
تازہ ترین
● راولپنڈی میں 1300 کےجھگڑے نے 2 جانیں لے لیں ● پیپلز پارٹی آزادکشمیر اورجےیو آئی میں انتخابی اتحاد طےپاگیا ● نوازشریف کی صدارت میں ن لیگ پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ● اخلاقی جرائم کی درست تشخیص ضروری ہے ● 13 سالہ عبدالمعیز کے قتل کا معمہ کیسے حل ہوا ؟ ● دیول کے 13 سالہ معیز کے قاتل 3 ماہ بعد گرفتار ● بھانجے کے ہاتھوں قتل ہونے والے چوہدری آصف کی تدفین ● ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کردیا 

حکمرانوں کوگاڑیوں کی ضرورت ہے اور عوام کو روٹی کی۔سراج الحق

pic Siraj ul Haq

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔ پھر کہتا ہوں جاپان کا دو ایٹم بموں سے اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا تین بڑی جماعتوں کے سربراہوں نے ملک کو پہنچایا۔ آج چترال سے کراچی تک لوگ آٹے کی قطاروں میں کھڑے ہیں تو حکمرانوں کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے، ٹرائیکا نے ہماری تہذیب، سماج، سیاست اور معیشت سمیت سب کچھ تباہ کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا تو حکمران جماعتوں کے بیچ گالم گلوچ کا تبادلہ ہوا۔ قوم سڑکوں پر ہے، میرپور خاص  میں چند کلوآٹے کے لیے ایک پاکستانی شہید ہو گیا، وزیراعظم نے قیمتی گاڑیاں درآمد کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے، حکمرانوں کو گاڑیوں کی ضرورت ہے اور عوام کو روٹی کے نوالوں کی۔ جنیوا کانفرنس میں چند ارب ڈالر ملنے پر حکمران خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں، صرف اعلانات ہوئے ہیں، رقم تین سالوں میں ملے گی۔ اس رقم کی بات چھوڑیں، وزیراعظم بتائیں کہ ان کی جانب سے جو ستر ارب سیلاب متاثرین کے لیے اعلان کیا گیا، وہ رقم کہاں گئی؟ حکمران سیلاب متاثرین کے لیے ایک گھر نہیں بنا سکے، ایک شخص کو بھی امداد نہیں پہنچی۔ جنیوا کانفرنس میں جس طرح کے اعلانات ہوئے ایسے اعلانات شرم الشیخ کانفرنس اور پاکستان سپورٹ فنڈ کے موقع پر بھی ہوئے۔ وزیراعظم اور وزیر خزانہ بیرونی امداد پر بغلیں بجا نے کی بجائے اقبالؒ کا دیا گیا خودی کا درس پڑھیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایوان اقبال میں دو روزہ سید مودودیؒ انٹرنیشنل کانفرنس کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
امیر جماعت نے اسلامی جمعیت طلبہ کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد دی اور سٹوڈنٹ یونین کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ یونین پر پابندی سازش کے تحت لگائی گئی کیوں کہ جاگیردار اور سرمایہ دار نہیں چاہتے کہ تعلیمی اداروں سے اہل قیادت آگے آئے۔ حکمرانوں کے لیے اسلامی انقلاب کے نعرے لگانے والے نوجوان خطرہ ہیں۔ حکمران استعمار کے نمائندے ہیں، یہ ظاہری لڑائیوں میں مصروف ہیں، مگر جب عالمی دباؤ آتا ہے تو ایک ہو جاتے ہیں۔ امریکا اور استعماری طاقتوں کا سب سے بڑا ظلم یہ ہے کہ انھوں نے ظالم اور کرپٹ قیادت ملک پر مسلط کی ہے، استعمار نے پاکستان پر حکمرانی کے لیے سیاسی جماعتوں کی شارٹ لسٹنگ کی ہوئی ہے۔ حکمران جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی حاصل ہے، یہ اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والے، اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ کے بغیر ہفتہ بھر سیاست نہیں کر سکتے۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے تقریباً 15کروڑ لوگوں پر حکومت کر رہی ہے، پی ڈی ایم کی 14جماعتیں مرکز اور بلوچستان میں حکمران ہیں، پیپلزپارٹی سندھ میں 15برسوں سے حکومت کر رہی ہے، ان سب نے مل کر ملک کو برباد کیا، انھیں بس اپنی کرسی کی فکر ہے، اچھا ہوا سب ایکسپوز ہو گئے۔ حکمرانوں نے مل کر کشمیر کو فروخت کیا، حکمران آج ملک کے ائیرپورٹس، ریلوے، موٹرویز بیچنے کو تیارہیں، کل ان سے استعماری طاقتیں کہیں گی کہ آپ لوگ ایٹم بم کی بھی حفاظت نہیں کر سکتے لہٰذا ہمارے حوالے کر دیں۔
امیر جماعت نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئیے مل کر اس کرپٹ اور منافقانہ نظام کے خلاف جدوجہد کریں۔ آئیے علامہ اقبالؒ اور سید مودودیؒ کے بتائے گئے اصولوں کی روشنی میں اسلامی فلاحی پاکستان کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کی فیصلہ کن تحریک کے ہمقدم بنیں۔ آئیے ایک ایسی سوسائٹی تشکیل دیں جس میں نیکی کرنا آسان ہو۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو بغیر مقصد کے پیدا نہیں کیا، مومن کی زندگی کا مقصد اللہ کے دین کو غالب کرنا ہے اور انسانیت کو استعمار کی غلامی سے نجات دلانا ہے


Notice: ob_end_flush(): Failed to send buffer of zlib output compression (0) in /home/kohsarne/public_html/wp-includes/functions.php on line 5481