کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پولیو ڈیوٹی پر مامور ٹرک پر ہونے والے خود کش حملے میں پولیس اہلکار اور ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 22 پولیس اہلکاروں سمیت 25افراد زخمی ہو گئے۔ ابتدائی طور پر ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق خود کش دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی کئی دیگر گاڑیاں بھی زد میں آگئی تھیں جس سے کافی نقصان ہوا۔ دھماکے میں پولیس اہلکاروںکے علاوہ عام شہری بھی زخمی ہوئے،واقعے کے فورا” بعد متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس کی مزید نفری اور بم ڈسپوزل کو موقع پر طلب کر لیا گیا ہے، جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی غلام اظفر مہیسر نے میڈیا کو بتایا کہ خود کش حملے میں 20 سے 25 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، پولیس اہلکار ٹرک پر پولیو ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے۔
