پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے دو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی توثیق کر دی ۔ اس حوالے سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پارلیمانی پارٹی کی مشاورت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔انہوں نے ایک بار پھر دعوی کیا کہ ہمارے استعفوں سے ملک بھر میں 567 نشستیں خالی ہوں گے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں ہمارے اراکین اسمبلی استعفے جمع کرائیں گے اور اسپیکر قومی اسمبلی کوبھی پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرنے کا کہا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئینی طور پر پنجاب اور کے پی کے میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوں گے۔فواد چوہدری نے میڈیا کو مزید بتایا کہ عمران خان نے جمعہ کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اعظم سواتی کی گرفتاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سلسلہ ہے، سینیٹ کے ارکان 10 روز سے سڑکوں پر ہیں مگر نوٹس نہیں لیا گیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راولپنڈی کے جلسے سے خطاب میں کہا تھاکہ تمام اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ فواد چوہدری کا بیان اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
