تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور ممکنہ دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے 26 نومبر کو فیض آباد مکمل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جب کہ ایف سی کی مزید نفری بھی بلائی جائے گی۔
اس حوالے سے گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت پولیس حکام کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 26 نومبر کو فیض آباد مکمل بند کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک کے لیے متبادل پلان دینے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے جس کے تحت اندرون شہر ٹریفک رواں رہے گی۔ فیض آباد بس اڈہ اور مارکیٹ بھی جلسے کے دوران بند ہو گا جب کہ آئی جے پی روڈ کو ٹریفک کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں فیض آباد پر پولیس، ایف سی اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ایف سی کے مزید 1500 اہلکار بھی بلانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 26 نومبر کو راولپنڈی میں مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔
