لانگ مارچ فائرنگ اپ ڈیٹ
وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے دوران زخمی ہونے والا ایک کارکن جاں بحق ہوگیا ۔
اطلاعات کے مطابق ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے آٹھ کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
فائرنگ کرنے والے نوید ولد بشیر نامی حملہ آور کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں زیادہ افراد بھگدڑ مچنے سے زخمی ہوئے ۔ فیصل جاوید کے علاوہ تحریک انصاف گجرات کے رہنما احمد چٹھہ بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فیصل جاوید اور احمد چٹھہ شدید زخمی ہیں۔ انہوں نے ریلی سے خطاب میں کارکنوں سے وعدہ لیا کہ اپنے رہنماؤں کے خون کا بدلہ لیں گے ۔
فائرنگ کرنے والے کے ساتھ کھڑے نوجوان ابتسام نے بتایا کہ ملزم نوید بائی پاس سے قافلے کے ساتھ چل رہا تھا۔ جب اس نے پستول نکالا تو میں نے روکا لیکن اس نے فائر کردیا اور باقی گولیاں بعد میں چلیں۔ پستول کا رخ نیچے کی جانب ہو جانے کی وجہ سے گولیاں نیچے پھیلیں۔ ان میں سے ہی ایک گولی معظم کو لگی، جو شدید زخمی ہوگیا۔ اسی دوران بھاگتے ہوئے نوید کو ایلیٹ فورس نے موقع پر رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
واضح رہے کہ قافلے میں سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد آٹھ سو سے زاید ہے۔ اطلاعات کے مطابق مختلف کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہیں۔ جن سے اندازہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ عمران خان کو گولی کیسے لگی۔
