لانگ مارچ کے تیسرے روز سادھوکی کے مقام پر ایک المناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں نجی ٹی وی "چینل 5” کی جواں سال خاتون رپورٹر صدف نعیم عمران خان کے کنٹینر کے نیچے دب کر جاں بحق ہو گئیں ۔
اس حوالے سے موصولہ تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ جب اتوار کی شام سادھوکی سے روانہ ہو رہا تھا کہ اس دوران نجی چنیل 5 کی رپورٹر اور خبریں گروپ سے وابستہ صحافی صدف نعیم نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے کنٹینر پر سوار ہونے کی کوشش کی ۔ موقع پر موجود افراد کے مطابق اوپر کھڑے ایک ساتھی نےصدف کا ہاتھ پکڑ کر سہارا بھی دیا تاہم وہ سلپ ہو کر نیچے گر گئیں اور کنٹینر کے بھاری ٹائر کی زد میں آ گئیں ۔ ان کے سر اور جسم کے اوپری حصے پر شدید چوٹیں آئیں جس کے نتیجے میں موقع پر ہی دم توڑ گئیں ۔
صدف کی میت کو قریبی ہسپتال روانہ کر دیا گیا جبکہ مارچ عارضی طور پر سادھوکی میں جاۓ حادثہ پر روک دیا گیا۔ اس موقع پر مارچ کے شرکا اور موقع پر موجود صحافی بھی شدید افسردہ اور دکھی ہو گئے۔
