کوہسار نیوز اور پہاڑی جریدے رنتن کے ایڈیٹر راشد عباسی نے ملک کے معروف روزنامہ اخبار "امت ” کے گروپ ایڈیٹر سجاد عباسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انھیں "رنتن مضطر عباسی نمبر” پیش کیا۔ اس سے قبل ایک ملاقات میں انہیں اپنی پہاڑی شاعری کے مجموعے "سولی ٹنگی لو” سے متعارف کرایا تھا جس پر انہوں نے رنتن کے مضطر عباسی نمبر کیلئے خصوصی فرمائش کی تھی۔
مدیر رنتن نے جناب سجاد عباسی کو مطلع کیا کہ "کوہسار نیوز” کے پلیٹ فارم سے جلد ہی مری اور بیروٹ میں صحافتی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائےگا، جس میں ان کا تعاون درکار ہو گا۔ سجاد عباسی نے کوہسار کی ترقی اور وہاں کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کے نکھار کی خاطر کی جانے والی ہر کوشش میں بھرپور تعاون کا یقین دلایااور کہا کہ نہ صرف وہ خود بلکہ دیگر سینئر صحافی حضرات کے لیکچرز کا بھی بندوبست کریں گے تاکہ نئے تعلیم یافتہ نوجوان باقاعدہ پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر کے اس شعبے میں آئیں اور کوہسار میں معیاری صحافت کا ماحول پیدا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل صحافت کے اس دور میں خطہ کوہسار کی علاقائی صحافت کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے راشد عباسی ، پروفیسر ڈاکٹر اشفاق کلیم عباسی اور دیگر اہل علم و دانش کی سرکردگی میں کوہسار نیوز کی ادارتی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
مدیر کوہسار راشد عباسی کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی ٹیم خطہ کوہسار کی صحافت کو عوامی شعور اجاگر کرنے اور عوامی مسائل کے حل کا ذریعہ بنانے کیلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور اس مقصد کیلئے علاقے کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام اور اہل علم و فکر کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہسار کا مردم خیز خطہ تعلیمی اعتبار سے ملک بھر میں منفرد اور نمایاں مقام رکھتا ہے اور اس خطے کے لوگ ہر شعبے میں کامیابی کا لوہا منوا رہے ہیں تاہم باہمی تعارف اور رابطے کے فقدان کے باعث نوجوان نسل ان کے تجربات سے مستفید نہیں ہو پا رہی۔ کوہسار نیوز کے پلیٹ فارم سے اس کمی کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ پہاڑی زبان کے فروغ کے لیے مل کر جدوجہد کی جائے گی۔ ماں بولی کی اہمیت کے حوالے سے فروری میں ان شاءاللہ ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا جس میں کوہسار کے اہل علم و دانش کو مدعو کیا جائے گا۔
پہاڑی زبان کی کتب کی اشاعت کے حوالے سے بھی مفصل تبادلہ خیال ہوا۔ اس سلسلے میں جلد ہی ہم خیال احباب کا ایک اجلاس بلایا جائے گا۔ اس اجلاس میں رنتن مضطر عباسی نمبر کی تقریب رونمائی کی تفاصیل بھی طے کی جائیں گی۔
