اکادمی ادبیات پاکستان ، ایچ ایٹ، اسلام آباد میں ادب اطفال کے حوالے سے تین روزہ کانفرنس "بچوں کا ادب ماضی، حال اور مستقبل” اکتیس اکتوبر سے دو نومبر تک انعقاد پذیر ہو رہی ہے۔ بچوں کے ادب پر منعقد ہونے والی یہ بین الاقوامی کانفرنس پاکستان میں اس نوعیت کی پہلی کانفرنس ہو گی۔
اس کانفرنس میں پیش کیے جانے والے پروگرام نہایت معلومات افزا ، دل چسپ اور کثیر الجہت ہیں۔ ان میں ادب اطفال کو درپیش مسائل اور حل، ادب اطفال کے فروغ میں رسائل کا کردار، بچوں کی تربیت میں ادب اطفال کا کردار، ادب اطفال اور عصر حاضر ، ڈیجیٹل عہد اور ادب اطفال، پاکستانی زبانوں میں بچوں کا ادب، بچوں کی دلچسپی کے موضوعات اور نئے امکانات ، ادب اطفال اکیسویں صدی میں، بچے اقبال اور جناح، عالمی ادب اطفال سے تراجم، بچوں میں کتب بینی کے فروغ کے لیے ممکنہ اقدامات، آؤ بچو سنو کہانی، میری بچپن بیتی، ادبیات اطفال اور نصاب سازی جیسے موضوعات شامل ہیں
پاکستان بھر سے شعراء، ادباء اور دانشور اس کانفرنس کا حصہ ہوں گے۔ ان میں افتخار عارف، فتح محمد ملک، ڈاکٹر احسان اکبر، ڈاکٹر وحید احمد، جلیل عالی، حمید شاہد، ڈاکٹر فاطمہ حسن، ڈاکٹر اقبال آفاقی، کشور ناہید، ڈاکٹر رؤف پاریکھ، عرفان صدیقی اور امجد اسلام امجد جیسے نام شامل ہیں۔
اس موقع پر مختلف اشاعتی ادارے کتابوں کے سٹال بھی لگائیں گے جہاں پر کتابیں رعائتی قیمت پر دستیاب ہوں گی۔
کوہسار کے باشعور احباب اپنے بچوں کے ہمراہ اس کانفرنس میں شامل ہوں تاکہ بچوں کو شعراء و ادباء اور دانشوروں کے افکار سے مستفید ہونے کا موقع ملے نیز انھیں ان نابغہ روزگار شخصیات سے بالمشافہ ملاقات اور گفت و شنید کا موقع میسر آئے۔
اکادمی ادبیات پاکستان اسلام آباد کا پتہ درج ذیل ہے
اکادمی ادبیات پاکستان
پطرس بخاری روڈ
بالمقابل شفاء انٹرنیشنل ہسپتال
H-8/1
اسلام آباد
Tel. 051 9269718
Email: info@pal.gov.pk
