مری راولپنڈی روڈ پر تکیہ محرم شاہ کے قریب مسافر وین حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سولہ افراد جن میں بچے اور خواتین شامل ہیں زخمی ہو گئے ۔
زخمیوں کو امدادی ادارے ریسکیو1122 نے ابتدائی طبی امداد کے بعد پمز ہسپتال اسلام آباد شفٹ کر دیا۔ ٹنڈو اللہ یار سندھ سے مری سیر و تفریح کیلئے آنے والی فیملی کے ارکان مری سے واپس راولپنڈی جا رہے تھے کہ تکیہ محرم شاہ کے قریب گاڑی بریک فیل ہونے کے باعث دیوار کے ساتھ جا ٹکرائی ،جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کے رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال مری اور پمز ہسپتال اسلام آباد شفٹ کر دیا گیا،
ادھر دوسرا حادثہ مری ڈنہ ایکسپریس وے پر پیش آیا جس میں ایک کار تیز رفتاری کے باعث دیوار سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا جسے ریسکیو1122 مری نے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر دی۔
