راولپنڈی(کوہسار نیوز)بیٹے کے قتل میں انصاف کے طلب گار میاں بیوی کو راولپنڈی میں بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا گیا۔واقعہ راولپنڈی کے علاقے کھنہ روڈ پر ٹرالی اڈے کے نزدیک پیش آیا۔اس حوالے سے موصولہ تفصیلات کے مطابق مقتولین کی شناخت حیدر اور نورین کے نام سے ہوئی ہے جن کے بیٹے کو کچھ عرصہ پہلے قتل کر دیا گیا تھا جس کی ایف آئی آر نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ کھنہ اسلام آباد میں درج تھی۔جمعہ کی سہ پہر میاں بیوی تھانے پہنچے اور پولیس کو بتایا کہ وہ مقدمہ میں کچھ ملزمان کو نامزد کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں نے انہیں جواب دیا کہ جس ملزم کونامزد کرنا ہےاس کا نام اسٹامپ پیپر پر لکھوا کر لے آئیں۔ دونوں میاں بیوی راولپنڈی کے قریب کھنہ روڈ پر ٹرالی اڈے کے نزدیک پہنچے ہی تھے نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔ سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے واردات کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
راولپنڈی،بیٹے کے قتل میں انصاف کے طلب گار میاں بیوی قتل
