اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کی صحت کے حوالے سے پمز اسپتال نے چار رکنی نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔
پمز ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق 4 رکنی نئے میڈیکل بورڈ میں ایچ او ڈی میڈیسن ڈاکٹر شفقت خاتون، سرجری سے ڈاکٹر انعام شامی، ائی سی یو کے ڈاکٹر سلمان، پلمونوجی سے ڈاکٹر ضیاء بھی بورڈ میں شامل ہیں۔
میڈیکل بورڈ شہباز گل کی صحت کا جائزہ لے کر انہیں اسپتال میں رکھنے یا چھٹی دینے سے متعلق سفارش کرے گا۔
دوسری جانب پمز میں شہباز گل کے معمول کے کلینیکل ٹیسٹ کیے گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق شہباز گل کو سینے میں انفیکشن، جسم درداور گلے میں خراش کی شکایت ہے جبکہ شوگر، دل کی دھڑکن، نبض کی رفتار معمول کے مطابق ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز گل کو چیسٹ انفیکشن کیلئے اینٹی بائیوٹک دوا دی جا رہی ہے۔ ڈاکٹرز نے شہباز گل کی سٹی پلمونری اینجیوگرافی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے پھیپڑوں کی نالیوں کی جانچ کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق شہباز گل کو کمرے میں اے سی، ٹی وی، صوفہ کی سہولت میسر ہے جبکہ انہیں انتظامیہ کی جانب سے پرہیزی کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔
شہباز گل کی صحت کے حوالے سے نیا چار رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل
